آل سعود شدید اختلافات کا شکار
Oct ۲۴, ۲۰۱۵ ۰۴:۰۱ Asia/Tehran
آل سعود کے مختلف دھڑے اور علماء شاہ سلمان کی برطرفی کے حق میں ہیں
سعودی عرب کے ایک شہزادے نے آل سعود کے درمیان جاری اختلافات کے بارے میں تازہ ترین انکشافات میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے بانی کے بارہ بیٹوں میں سے آٹھ بیٹے شاہ سلمان کی برطرفی کے حق میں ہیں۔ برطانوی اخبار انڈی پینڈنٹ نے رپورٹ دی ہےکہ اس سعودی شہزادے نے اس سے پہلے بھی آل سعود کی چپقلشوں کے بارے میں انکشافات کئے تھے۔ اس سعودی شہزادے نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے علماء اور مفتی بھی سلمان بن عبدالعزیز کو تخت شاہی سے ہٹانے کی داخلی بغاوت اور احمد بن عبدالعزیز کو تخت نشین کرنے کی مکمل حمایت کریں گے۔ انڈی پینڈنٹ نے لکھا ہے کہ سعودی عرب کے علماء شاہ سلمان کی برطرفی کے حق میں ہیں اور اس خبر سے پتہ چلتا ہےکہ آل سعود کے دھڑوں میں جاری رقابت میں شدت آتی جارہی ہے۔ سعودی عرب میں خاندانی بغاوت کی مثال ملتی ہے۔ انیس سو چونسٹھ میں آل سعود کے مختلف دھڑوں میں سعود بن عبدالعزیز کی بادشاہت کے بارے میں شدید اختلاف اور اقتدار کی جنگ کے نتیجے میں انہیں اپنے بھائی فیصل کو تخت و تاج سونپنا پڑا تھا۔