او آئی سی کی جانب سے ویانا اعلامیہ کا خیر مقدم
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نےبحران شام کے سیاسی حل کے بارے میں ویانا میں جاری ہونے والے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے کہا ہے کہ یہ بیان اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس میں شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور بحران کو سیاسی طریقے سے حل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم شامی عوام کے جائز مطالبات کی حمایت اور ہر اس تجویز کا خیر مقدم کرتی ہےجس میں بحران شام کا سیاسی حل پیش کیا گیا ہو۔ انہوں نے شامی حکومت اور مخالفین کے نمائندوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کی غرض سے اقوام متحدہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔
قابل ذکر ہے کہ بحران شام پر غور کے لیے دنیا کے سترہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جمعے کو ویانا میں منعقد ہوا تھا۔ اجلاس کے اختتام پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں نئے آئین کی تدوین کے بعد شام میں ایک وسیع البنیاد قومی حکومت کی تشکیل پر زور دیا گیا ہے۔