فوجی بھیجنے کے امریکی فیصلے پر شامی رکن پارلیمنٹ کی تنقید
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i200075-فوجی_بھیجنے_کے_امریکی_فیصلے_پر_شامی_رکن_پارلیمنٹ_کی_تنقید
شام کے رکن پارلیمنٹ نے حکومت کی اجازت کے بغیر شام میں فوجی بھیجے جانے کے امریکی فیصلے کو مداخلت پسندانہ اور جارحانہ اقدام قرار دیا ہے.
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۰۱, ۲۰۱۵ ۰۶:۰۵ Asia/Tehran
  • شام کے رکن پارلیمنٹ شریف شھادہ
    شام کے رکن پارلیمنٹ شریف شھادہ

شام کے رکن پارلیمنٹ نے حکومت کی اجازت کے بغیر شام میں فوجی بھیجے جانے کے امریکی فیصلے کو مداخلت پسندانہ اور جارحانہ اقدام قرار دیا ہے.

ایسوسی ایٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق شام کے رکن پارلیمنٹ شریف شھادہ نے کہا کہ باوجود اس کے کہ امریکی فوجیوں کی شام میں تعیناتی سے حالات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا لیکن واشنگٹن اس اقدام سے یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ وہ شام میں موجود ہے-

شریف شھادہ نے مارچ دوہزار گیارہ میں اس ملک میں بحران شروع ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ امریکہ پانچ سال بعد شام میں تیس سے پچاس فوجی مشیر بھیج کر کیا حاصل کرنا چاہتا ہے- امریکی حکام نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ وہ داعش کے خلاف جنگ میں مدد کے لئے اپنی اسپیشل فورس کے پچاس جوان شام بھیجنا چاہتا ہے-

ستمبر دوہزار چودہ سے داعش دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر امریکی اتحاد کے فضائی حملے اب تک جاری ہیں لیکن اس کا داعش دہشت گردوں کی تعداد پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے- امریکی اتحاد کا دعوی ہے کہ شام میں اس کے فضائی حملوں میں اب تک بارہ ہزار دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں-

شامی حکومت کی اجازت سے داعش کے خلاف روس کے فضائی حملے شروع ہونے کے ایک مہینے بعد امریکہ نے شام میں اپنے فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے- امریکہ کی اسپیشل فورس نے اس سے پہلے بھی شامی حکومت کی اجازت کے بغیر اس ملک میں کچھ کارروائیاں انجام دی تھیں اور توقع ہے کہ اس قسم کے یکطرفہ حملے آئندہ بھی جاری رہیں گے-