یمن: سعودی کمان میں لڑنے والے چھے کولمبین فوجی ہلاک
سعودی اتحاد کی کمان میں یمن کے خلاف جارحیت میں شریک چھے کولمبین فوجی اور ان کا آسٹریلوی نژاد کمانڈر ہلاک ہوگیا ہے۔
یمن کی المرصد نیوز ایجنسی کے مطابق غیر ملکی فوجیوں کا یہ ٹولہ صوبہ تعز کے شہر باب المندب کے العمری نامی علاقے میں یمنی فوجی کے ساتھ جھڑپ کے دوران ہلا ک ہوا۔ ہلاک ہونے والے آسٹریلوی نژاد فوجی کمانڈر کا نام فلپ اسٹیٹ مین بتایا گیا ہے۔ یمنی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی کمان میں آٹھ سو کولمبین فوجی یمن کی جنگ میں حصہ لینے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ ان لوگوں کو قطر اور بدنام زمانہ امریکی کمپنی بلیک واٹر کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت تربیت دیکر یمن کی جنگ میں بھیجا گیا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھی ایک ماہ قبل سیکڑوں کولمبین شہریوں کو متحدہ عرب امارات کے ذریعے بھرتی کیے جانے کی خبر دی تھی۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق لاتینی امریکا کے دیگر ملکوں سے بھی تقریبا ساڑھے چار سو افراد کو بھرتی کرکے یمن بھیجا جارہا ہے۔