فلسطین: مزید دو فلسطینی شہید
غاصب صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں دو اور فلسطینی شہید ہوگئے ہیں اور انتفاضہ قدس کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک سو بیس ہوگئی ہے۔
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ جمعہ کو فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور ان جھڑپوں میں صیہونی فوجیوں نے ایک بائیس سالہ فلسطینی نوجوان کو سینے پر گولی مار کر شہید کردیا۔ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی بچہ زخمی بھی ہوگیا جس کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک غرب اردن اور غزہ پٹی میں فلسطینی نوجوانوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری تھیں۔ اس سے پہلے غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جمعہ کو ہی غرب اردن میں ایک دیگر فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی نوجوان پر صیہونیت مخالف کارروائی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ادھر صیہونی فوجیوں نے جمعہ کی صبح رام اللہ شہر پر حملہ بھی کیا۔ صیہونی فوجی رام اللہ شہر پر حملہ کرنے کے بعد شہر کے منارہ چوک پر تعینات ہوگئے جس کے سبب فلسطینیوں سے ان کی جھڑپ ہوئی۔ صیہونی فوجیوں نے فلسطینی نوجوانوں کے خلاف جنگی گولیوں، فائر کریکروں اور زہریلی آنسو گیس کا استعمال کیا۔ جنگی گولی لگنے کی وجہ سے کم از کم تین فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔ قابل ذکر ہے کہ صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے خلاف یکم اکتوبر سے جاری انتفاضہ قدس کے دوران ایک سو بیس فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تیرہ ہزار پانچ سو سے زیادہ ہے۔ شہدا میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔