شام: فوج کی کارروائی میں سو سے زیادہ دہشت گرد ہلاک
شام کے مختلف علاقوں میں فوجی کارروائی کے دوران سو سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شام کے مغربی علاقے حماہ کے مضافات میں دہشت گرد گروہوں داعش اور جبہۃ النصرہ کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی میں سو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ شامی فوج نے شمال مغربی علاقے حلب کے مشرقی مضافات اور مغرب میں لاذقیہ کے شمالی مضافات میں واقع کئی دیہاتوں پر داعش کے دہشت گردوں کا حملہ بھی ناکام بنا دیاہے۔ شامی فوج کی اس کارروائی میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔ شامی فوج نے شام اور ترکی کے درمیان شام کے سرحدی صوبے لاذقیہ کے شمال میں واقع پہاری علاقوں کو جبہۃ النصرہ کے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد بھی کرالیا ہے۔ اس کارروائی میں بھی دسیوں دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر شامی فوج نے شام کے جنوبی علاقے درعا کے مشرقی مضافاتی علاقوں میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے اور ان میں موجود سارے دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دریں اثنا شامی کردوں کے ترجمان ریدور خلیل نے اعلان کیا ہے کہ شام کے شمال مشرقی صوبے حسکہ میں داعش گروہ کے ٹرک بم دھماکوں میں کم سے کم پچاس عام شہری جاں بحق اور اسی سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔