سعودی عرب کے تیل کے ذخائر پر یمنی فوج کا حملہ
یمنی فوج نے سعودی عرب کے تیل کے ذخائر کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ ٹی وی کے مطابق ابہا شہر میں واقع سعودی عرب کے تیل کے ذخائر کو یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کے میزائل حملوں میں زبردست نقصان پہنچا ہے۔ اس سے پہلےیمنی فوج نے ظہران عسیر کے علاقے میں واقع شاہ خالد ایئر بیس، فیصل چھاؤنی اور ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی میزائل برسائے تھے۔
سعودی عرب کے تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر پر یمنی فوج کے حملے، سعودی عرب کی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور جنوبی سعودی عرب میں تیل کی سپلائی بند ہونے کا باعث بن سکتے ہیں۔ ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج نے سرحدی شہر نجران ، جیزان اور عسیر میں سعودی ایجنٹوں کے ٹھکانوں پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔ صوبہ جازان پر یمنی فوج کی گولہ باری میں چار سعودی ایجنٹ ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ سے یمن پر جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں سات ہزار سے زیادہ بے گناہ یمنی شہری شہید اور چودہ ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ یمن پر سعودی جارحیت کا مقصد اس ملک کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا تھا۔ تاہم اسے اپنے اس مقصد میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔