عالمی برادری جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرانے کے لیے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر دباؤ ڈالے: انصاراللہ یمن کا مطالبہ
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرانے کے لیے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انصاراللہ تحریک کی انقلابی کونسل کےسربراہ محمد علی الحوثی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن پر جارحیت رکوانے اور محاصرہ ختم کرانے کے لیے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر دباؤ ڈالے۔ محمد علی الحوثی نے کہا کہ ان کی جماعت جارحیت کے خاتمے کے لیے کی جانے والی ہر منصفانہ کوشش کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عارضی جنگ بندی پر علمدرآمد اور اسے مستقل جنگ بندی میں بدلنے کے خواہاں ہیں۔
اس سے پہلے انصاراللہ تحریک کے ترجمان محمد عبدالسلام نے سعودی عرب کے اس اعلان کو سفید جھوٹ قرار دیا تھا کہ ریاض نے عارضی جنگ بندی ختم کر کے یمن پر حملے دوبارہ شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا جنگ بندی عمل میں ہی نہیں لائی گئی تھی تو اس کا خاتمہ کیونکر ہو سکتا ہے۔ انصار اللہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کی خاموشی کے سائے میں یمن کے خلاف مجرمانہ اقدامات انجام دے رہا ہے۔
سعودی عرب اور اس کے نو اتحادی ملکوں نے امریکہ کی شہہ پر چھبیس مارچ سے پڑوسی اسلامی ملک یمن پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ دس ماہ سے جاری سعودی جارحیت میں کم سے کم سات ہزار بے گناہ شہری شہید اور چودہ ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ سعودی حملوں میں یمن کی اسی فی صد بنیادی تنصیبات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئیں ہیں۔