عراق: صوبے نینوا کے مزید علاقوں کی آزادی
-
موصل، عراق کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر جون دو ہزار چودہ سے داعش دہشت گر گروہ نے قبضہ کر رکھا ہے۔
عراق کے صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کے مشرق میں مزید کئی علاقوں کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا۔
لبنان کے المیادین ٹی وی نے پیر کے روز رپورٹ دی ہے کہ کرد پیشمرگہ فورسز نے موصل کے مشرق میں نو دیگر علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔ اس رپورٹ کے مطابق کرد پیشمرگہ فورسز نے شمالی عراق میں واقع وردک کے علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ اس علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں سینتالیس داعشی دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ کرد پیشمرگہ فورسز کے صرف تین اہلکار مارے گئے۔
موصل کے علاقے میں کرد پیشمرگہ فورسز کی یہ کارروائی، عراقی فوج کی ہم آہنگی سے انجام پا رہی ہے جس کا مقصد موصل میں داعش گروہ کا دائرہ تنگ کرتے ہوئے اس دہشت گرد گروہ کا محاصرہ کرنا ہے۔ واضح رہے کہ موصل، عراق کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر جون دو ہزار چودہ سے داعش دہشت گر گروہ نے قبضہ کر رکھا ہے۔