اسٹریٹیجک جزیرہ الخالدیہ داعش کے قبضے سے آزاد
-
عراق کے الانبار اور نینوا صوبوں کے عوام دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور وہ اس کے خلاف جنگ کے میدان میں آگئے ہیں۔
عراق کی سیکورٹی فورسز نے ملک کے مغربی علاقے میں واقع اسٹریٹیجک جزیرے الخالدیہ کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کی سیکورٹی فورسز کی مشترکہ کمان نے ہفتے کی رات اعلان کیا کہ صوبہ الانبار میں واقع جزیرہ الخالدیہ کو آزاد کرانے کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور عراقی سیکورٹی فورسز نے اس زرعی علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق جزیرہ الخالدیہ کو آزاد کرانے کے آپریشن کے دوران سات سو سے زیادہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ دہشت گرد گروہ داعش نے جون سنہ دو ہزار چودہ سے اس جزیرے پر قبضہ کر رکھا تھا۔
عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے عراقی قوم کو اس جزیرے کی آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔
عراق سے ملنے والی ایک اور خبر کے مطابق اس ملک کے الانبار اور نینوا صوبوں کے عوام دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور وہ اس کے خلاف جنگ کے میدان میں آگئے ہیں۔