شہر سنجار میں عراقی پناہ گزینوں کی واپسی
-
بیس ہزار ایزدی پناہ گزیں صوبہ نینوا کے شہر سنجار میں اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئے ہیں-
عراقی ذرائع نے شمالی عراق کے شہر سنجار میں ایزدی پناہ گزینوں کی واپسی کی خبر دی ہے-
ترکی کی آناتولی نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے رکن پارلمینٹ " حجی کندور" نے کہا ہے کہ بیس ہزار ایزدی پناہ گزیں صوبہ نینوا کے شہر سنجار میں اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئے ہیں- حجی نے کہا کہ داعش دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا کی گئی تین ہزار ایزدی عورتوں کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے-
اس عراقی رکن پارلیمنٹ نے اتنی کم تعداد میں لوگوں کی واپسی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سنجار کے اطراف کے علاقوں میں داعش کا تسلط ہے اور وسیع پیمانے پر اس شہر کی بنیادی تنصیبات تباہ کردی گئی ہیں- انہوں نے کہا کہ تین ہزار سے زائد عراقی ایزدی داعش کے ہاتھوں مارے گئے ہیں-
واضح رہے کہ تین اگست دوہزار چودہ میں شمالی عراق کے صوبہ نینوا کے شہر سنجار سے پیشمرگہ ملیشیا کی پسپائی کے بعد، داعش نے اس شہر پر قبضہ کرلیا تھا-
تیرہ نومبر دو ہزار پندرہ کو عراق کی کرد پیشمرگہ ملیشیا کے جوان چار جانب سے پیشقدمی کرتے ہوئے شمالی شہر سنجار میں داخل ہوئے اور اس شہر کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا۔