صیہونی حکومت کا انجام ویتنام سے برا ہوگا
https://urdu.sahartv.ir/news/news-i324298-صیہونی_حکومت_کا_انجام_ویتنام_سے_برا_ہوگا
لبنان کے بعد اگر عراق کے عوام نے بھی لبنان کے عوام کی طرح اس سازش کو ناکام بنادیا اور حشد الشعبی اور ایران کے اتحادی گروپ اکثریت میں آگئے تو دوسرا مرحلہ بھی ناکام سمجھا جائے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۰۸, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran

لبنان کے بعد اگر عراق کے عوام نے بھی لبنان کے عوام کی طرح اس سازش کو ناکام بنادیا اور حشد الشعبی اور ایران کے اتحادی گروپ اکثریت میں آگئے تو دوسرا مرحلہ بھی ناکام سمجھا جائے

پاکستان کے سینئر صحافی اور معروف تجزئیہ نگار نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل جنگ میں پہل کرتا ہے تو اس کا انجام ویتنام سے برا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سحر اردو ٹی وی کے پروگرام انداز جہاں میں خطے کی موجودہ صورتحال خاص طور پر لبنان کے انتخابات اور اس میں حزب اللہ لبنان اور اسکی حامی جماعتوں کی بھرپور کامیابی کے مستقبل میں خطے پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سینئر صحافی اور معروف تجزئیہ نگار عرفان علی نے کہا کہ حزب اللہ اتحاد کے پاس ماضی کی نسبت دس نشستیں زیادہ آگئی ہیں اور یہ اضافہ امریکی سعودی اماراتی مثلث اور غاصب صیہونی حکومت اور لبنان میں موجود انکے ہمنواوں کے خلاف لبنان کے عوام کا رد عمل ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی سعودی اسرائیلی اماراتی اتحاد نے ایک منظر نامہ ترتیب دے رکھا ہے جس کے تحت لبنان الیکشن کے بعد اب عراق کا الیکشن ہے۔ وہاں الیکٹرانک ووٹنگ ہوریی ہے اور اس کا مین سرور متحدہ عرب امارات میں ہے جہاں کمپیوٹرائزڈ دھاندلی اعداد و شمار کی ہیر پھیر اور ایران کے حامیوں کے ووٹوں کی تعداد کم کئے جانے کا خدشہ ہے. لیکن اگر عراق کے عوام نے بھی لبنان کے عوام کی طرح اس سازش کو ناکام بنادیا اور حشد الشعبی اور ایران کے اتحادی گروپ اکثریت میں آگئے تو دوسرا مرحلہ بھی ناکام سمجھا جائے.

عرفان علی نے مزید کہا کہ اگر اس کے بعد ٹرمپ خودکش حملہ کردے کہ ڈیل سے دستبردار ہوجائے تو پھر اسکا ایران کی نسبت امریکا کو ہی نقصان ہوگا کیونکہ یہ بین الاقوامی معاہدہ ہے نہ کہ دوملکی. امریکا عالمی کھلاڑیوں خاص طور چین اور روس کو اس طرح ناراض کردے گا.

انہوں نے صورتحال کا ایک اور زاویے سے جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اگر دو ناکام مرحلوں کے باوجود امریکی اتحاد کی آشیر باد سے اسرائیل جنگ کرتا ہے یا امریکی عرب اتحاد عرب ممالک کی سرکاری افواج کو شام میں اتارتا ہے تو پھر ایران تا لبنان ایران کے حامی اس پوزیشن میں ہیں کہ زمینی جنگ میں انکی اینٹ سے اینٹ بجا دیں. اور پھر اس جنگ میں صیہونی حکومت کا ویتنام سے زیادہ برا حال منتظر ہوگا.

انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی کے گفتگو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام خامنہ ای کے مطابق امریکا جو کچھ نقصان کرے گا اسکا کم سے کم دگنا نقصان ایران کرے گا. سرحدی صوبوں میں امریکی فوجیوں کے لئے قبریں تیار ہیں اور ویتنام جنگ کی طرح انہیں لاشیں ڈھونڈنی نہیں پڑیں گی. امام خامنہ ای نے امریکا کو سات سروں والا ا زدھا کہا تھا جس کے پانچ سر کچلے جاچکے ہیں. اور اگلے بھی اسی طرح ناکام ہوں گے جیسے پچھلے پانچ.