پاکستان کے وزیردفاع کی جانب سے ہندوستان پرتنقید
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۴:۱۱ Asia/Tehran
-
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف
پاکستانی وزیردفاع نے دہشت گردانہ اقدامات کے سلسلے میں ہندوستان کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان ہمارے دشمن کے ساتھ ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہندوستان بعض واقعات کا الزام بلاوجہ پاکستان پر لگانے کی کوشش کرتا ہے۔
پاکستانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کو سمجھنا چاہیے کہ وہ وزیر اعلی نہیں وزیراعظم ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کسی سے بلیک میل نہیں ہو گی کشمیر پاکستان کی پالیسی کا بنیادی نقطہ ہے۔ پاکستانی وزیردفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہم ہندوستان کی دہشت گردی کے ثبوت اقوام متحدہ کے اجلاس میں پیش کریں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان میں آزادی کی کئی سرگرم تحریکیں چل رہی ہیں۔
ہندوستان نے گورداسپور اور گجرات جیسے واقعات کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر سب سے زیادہ متنازعہ مسئلہ ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان لڑی جانے والی تین جنگوں میں سے دو جنگیں مسئلہ کشمیر پر ہوئی تھیں اور اب بھی کشمیر کنٹرول لائن پر دونوں ملکوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں-