ایرانی وزیر خارجہ: ظالم کے خلاف امام حسین (ع) کی جنگ ابدی ہے
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اربعین حسینی میں شرکت کے بعد اپنے ایک پیغام میں کہا کہ امام حسین (ع) کی جنگ ہر مسلمان کے لیے ایک ابدی درس ہے، بالخصوص دشمنوں کا سامنا کرتے ہوئے جو آپ کی طاقت اور استقامت پر سوالیہ نشان لگاتے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایکس نیٹ ورک پر لکھا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے جو اہل بیت (ع) کے چاہنے والوں کے سمندر اور اربعین میں کربلا میں جمع ہونے والے عاشقان حسینی کے ہجوم میں شامل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عراق کے مقدس مقامات کو "عتبات عالیات " اس لیے کہتے ہیں کیونکہ یہ نہ صرف کامیاب آخرت کی زندگی کے دروازے ہیں، بلکہ یہ ہمیں سکھاتے ہیں کہ قوم، نسل، صنف، فرقہ اور مذہبی حدود سے بالاتر ہوکر دلوں کو جوڑنا ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین (ع) کی جنگ ظلم کے خلاف تھی، دنیاوی طاقت یا ذاتی فائدے کی جدوجہد نہیں تھی۔
عراقچی نے کہا کہ یہ بے لوث قربانی ابدی ہے جس پر ہر مسلمان کو دھیان دینا چاہئے خاص طور پر جب دشمنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو آپ کی طاقت اور ثابت قدمی پر سوال اٹھاتے ہیں۔