اسلام آباد کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i200763-اسلام_آباد_کا_دہشت_گردوں_کے_خلاف_کارروائی_جاری_رکھنے_کا_اعلان
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد بدستور دہشت گردوں کا مقابلہ جاری رکھے گا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۹ Asia/Tehran
  • اسلام آباد کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان
    اسلام آباد کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد بدستور دہشت گردوں کا مقابلہ جاری رکھے گا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت، سرزمین پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم مصمم رکھتی ہے اور ملک میں دہشت گردوں کے خلاف ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ پہلے شروع کی گئی فوجی کارروائی ضرب عضب کے دوران دہشت گردوں پر کاری ضربیں لگی ہیں۔

انہوں نے پیرس میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد خاص طور سے مغرب میں اسلامو فوبیا اور اسلام مخالف اقدامات میں اضافے کے امکان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دہشت گردی کا اسلام اور دیگر ادیان الہی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ کہ دین اسلام امن، دوستی اور اخوت کا دین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامو فوبیا اور اسلام مخالف اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔

قاضی خلیل اللہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ پاکستان میں دہشت گرد گروہوں کے عناصر کی موجودگی کا کوئی واضح ثبوت نہیں ہے کہا کہ پاکستان کے سیکورٹی اور خفیہ ادارے ملک میں داعش کے ممکنہ داخلے کے بارے میں پوری طرح ہوشیار ہیں۔