علی حیدرگیلانی کو تین سال بعد افغانستان سے بازیاب کرا لیا گیا
پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے اغوا ہو جانے والے بیٹے علی حیدرگیلانی کو تین سال بعد افغانستان سے بازیاب کرا لیا گیا ہے
سابق وزیراعظم گیلانی کے بیٹے علی حیدرگیلانی کی بازیابی کی تصدیق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی - بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ علی حیدرگیلانی کی بازیابی کے تعلق سے یوسف رضاگیلانی کو افغانستان کے سفیر نے ٹیلی فون کر کے بتایا کہ ان کے بیٹے کو کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا گیا ہے -
یوسف رضاگیلانی کو جس وقت بیٹے کی بازیابی کی اطلاع ملی اس وقت وہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پارٹی کے ایک جلسے میں شریک تھے- اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کو دیکھنے کے لئے بے تاب ہوں اور بیٹے کی رہائی پرخوشی بیان نہیں کی جاسکتی - انہوں نے بیٹے کی بازیابی کی خبر جذباتی انداز میں جلسے میں شریک لوگوں کو بھی سنائی -
خبروں میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی سیکورٹی فورس نے غزنی میں طالبان کے خلاف ایک آپریشن کر کے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرایا - یاد رہے کہ علی حیدرگیلانی کو نو مئی دوہزار تیرہ کو عام انتخابات سے دوروز قبل ملتان سے اغوا کیا گیا تھا
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی علی حیدرگیلانی کی بازیابی کی تصدیق کر دی ہے - دفترخارجہ سےجاری ہونے والے بیان میں کہا گیاہے کہ افغانستان کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر نے بتایا ہے کہ علی حیدرگیلانی کو ایک فوجی آپریشن کے ذریعے بازیاب کرایا گیا ہے۔