Jul ۱۶, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 19جولائی کو یوم الحاق اور 20 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

حکومت پاکستان نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال پر احتجاج کے لیے یوم سیاہ منانے کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔

پاکستان کی کابنیہ نے گزشتہ روز انیس جولائی کو کشمیری عوام کے خلاف ہندوستانی فوج کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا جسے اب بیس جولائی کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ میڈیا کی جانب سے اس یاد دہانی کے بعد کیا گیا ہے کہ انیس جولائی یوم الحاق کشمیر کی قرارداد پیش کیے جانے کا تاریخی دن ہے۔

یاد رہے کہ انیس جولائی انیس سو سینتالیس کو کشیمری نمائندوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرار داد منظور کی تھی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ اجلاس کے فیصلے میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور اب انیس جولائی کو ملک بھر میں یوم الحاق کشمیر اور بیس جولائی کو ہندوستان کی مبنیہ زیادتیوں کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کابنیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت ہندوستان سے کشمیر کے معاملے پر مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کر رہا ہے جبکہ ہندوستان اس کا مخالف ہے۔

حکومت ہندوستان کا موقف ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے شملہ معاہدے کے تحت باہمی تنازعات کو تیسرے فریق کی ثالثی کے بغیر حل کیا جانا چاہیے۔