ایران کی طرف سے اسلام آباد دہشت گردانہ حملے کی مذمت
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے-
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں حضرت خدیجہ کبری (س) مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد نمازی شہید اور زخمی ہوگئے-
ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے شہداء کے اہل خانہ اور پاکستان کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے اس جارحانہ کارروائی میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی سختی سے مذمت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مذموم رجحان کی روک تھام اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے خطے کے تمام ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی اور اس کے مرتکب افراد اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف مسلسل جدوجہد جاری رکھی جانے کی ضرورت ہے –
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
واضح رہے کہ آج پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز جمعہ میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ابھی تک کی خبروں کے مطابق اکتیس نمازی جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ زخمیوں کو اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ آئی جی کی جانب سے اسلام آباد میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُسے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔مختلف دینی اور سیاسی جماعتوں اور شخصیات کی جانب سے بھی اس دہشتگردانہ واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے-