پاکستان کا ہندوستان سے حریت رہنماؤں کو رہا کرنے کا مطالبہ
پاکستان کی وزارت خارجہ نے ہندوستان سے کشمیر کی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو حریت رہنماسید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی گرفتاری پر تشویش ہے اور ہندوستان ان رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کردے۔
انہوں نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورس کے ہاتھوں عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت کر تے ہوئے حکومت ہندوستان سے حملے فوری طور پر بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھا رہا ہے۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ ہندوستانی حکام نے کشمیر کے بعض علاقوں میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کردیا ہے۔ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حزب المجاہدین نامی مسلح تنظیم کے سرکردہ کمانڈر برھان وانی کے جاں بحق ہونے کے بعد سے حالات کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔ نو جولائی سے جاری بدامنی کے نتیجے میں ساٹھ کے قریب کشمیری جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔