مراد علی شاہ سندھ کے نئے وزیراعلی منتخب
پیپلزپارٹی کے مراد علی شاہ کو بھاری اکثریت سے صوبہ سندھ کا وزیر اعلی منتخب کرلیا گیا ہے۔
کراچی سے ہمارے نمائندے کے مطابق نئے وزیراعلی کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں رائے شماری کرائی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے سید مراد علی شاہ کو اٹھاسی ووٹوں سے نیا وزیراعلی منتخب کرلیا گیا۔ ان کا مقابلہ تحریک انصاف کے خرم شیرزمان سے تھا جنہیں صرف تین ووٹ ملے۔
ہمارے نمائندہ کراچی کے مطابق وزارت اعلی کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر اکیانوے ووٹ ڈالے گئے حالانکہ اجلاس میں ایک سو اڑسٹھ ارکان موجود تھے۔اپوزیشن جماعت متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ فنکشنل کے اراکین نے وزیراعلی کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا اور وہ ایوان سے باہر چلے گئے۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی نے چھبیس جولائی کو مراد علی شاہ کو نیا وزیراعلی نامزد کیا تھا۔ وہ سید قائم علی شاہ کی جگہ لیں گے جنہوں نے پارٹی کے فیصلے کے تحت ستائیس جولائی کو اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔