پاکستانی میڈیا کا منفی کردار
شام کے شہرحلب میں تکفیری دہشتگرد عناصر کی بدترین شکست کے بعد پاکستان میں میڈیا کا کردار حقائق کے برعکس اور منفی نظرآتا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق شیعہ ایکش کمیٹی سندہ کے صدرعلامہ سید ناظرعباس تقوی نے کہا ہے کہ عوام شام کے حقائق سے آگاہ نہیں ہیں، لیکن سادہ لوح عوام کو میڈیا جہاں چاہے موڑ دیتا ہے،عوام کو میڈیا کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا، بدقسمتی سے یہاں میڈیا کا کردار منصفانہ نہیں ہے، میڈیا عوام کو حقائق پہنچانے کے بجائے چھپایا رہا ہے، گمراہ کر رہا ہے، میڈیا کو شام میں ان دہشتگرد عناصر کو بے نقاب کرنا چاہیئے تھا کہ جو امریکی و اسکے اتحادی ممالک کی ایما پر اسرائیل مخالف بشار حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہ رہے تھے، یہ دہشتگرد عناصر شامی عوام پر شب خون مار رہے تھے، شہریوں کی گردنیں کاٹ رہے تھے، انہیں زندہ جلا رہے تھے، لیکن ان دہشتگرد عناصر کے مظالم کو پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ چھپایا، دہشتگرد عناصر نے اہلبیت رسولؐ، اصحاب رسولؐ، انبیا کرامؑ کے مزارات کو دھماکوں سے اڑایا، ان کی قبریں کھودیں، مسمار کیں، لیکن پاکستانی میڈیا مجرمانہ طور پر خاموش رہا اور اب جب داعش، النصرہ فرنٹ سمیت درجنوں تکفیری دہشتگرد گروہوں کے نیٹ ورک کو وہاں شکست فاش ہوئی ہے تو میڈیا حقائق پیش کرنے کے بجائے ناصرف چھپا رہا ہے، بلکہ گمراہ کن خبریں پیش کر رہا ہے، میڈیا کسی بھی بیرونی ایجنڈے پرعمل پیرا ہونے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے ادا کرے، مظلوموں کو ظالم بنا کر پیش کرنا آزادی صحافت کے بھی خلاف ہے۔
علامہ سید ناظرعباس تقوی کا کہنا تھا کہ دنیا کے جس کونے میں بھی ظلم ہو رہا ہواس کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنی چاہئے لیکن کئی برسوں سے پوری دنیا میں امریکا، اسرائیل اور انکے اتحادیوں کی جانب سے ایران مخالف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، بدقسمتی سے اس میں کچھ عرب ممالک بھی شامل ہوچکے ہیں اورایران مخالف نعرے و سرمایہ گزاری کر رہے ہیں، پاکستان میں بھی شام و دیگر مسائل کو لیکرایران مخالف پروپیگنڈا بھی امریکی اسرائیلی پروپیگنڈا مہم کا تسلسل ہے۔