کراچی: 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں
اسٹیل ٹاؤن میں لنک روڈ سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں جنہیں شناخت کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے تجارتی اورصنعتی شہرکراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں عیسب جوکھیوگوٹھ کے قریب لنک روڈ پرواقع ایک خالی پلاٹ سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، پولیس نے چاروں لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے ۔ جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان کی عمریں 35 سے 40 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔
ایس ایس پی ملیرراؤ انوارنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چاروں لاشوں کی آنکھوں پرپٹیاں بندھی ہوئی تھیں، ان کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ہیں تاہم انہیں قریب سے گولیاں مارکر ہلاک کیا کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے کوہلو میں نامعلوم افراد مسلح افراد نے پہاڑوں سے فائرنگ کرکے 2لیویز اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ہلاکتوں کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا کہ جب کوہلو کے علاقے کاہان میں لیویز اہلکار گشت کررہے تھے کہ نزدیکی پہاڑوں سے نامعلوم افراد نے ان پر اندھادھندفائرنگ کردی جسکے نتیجے میں لیویز کانسٹیبل شیرواور خاوند بخش موقع پر ہلاک ہوگئے، حملہ آور موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔