اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے پاکستان کے وزیراعظم کی ملاقات
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i268540-اقوام_متحدہ_کے_سیکرٹری_جنرل_سے_پاکستان_کے_وزیراعظم_کی_ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریس سے کانگریس سنٹر میں عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے پاکستان کے وزیراعظم کی ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریس سے کانگریس سنٹر میں عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریس نے  پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان سمیت خطہ کے ممالک کیلئے انتہائی تعمیری اور مثبت کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پرنواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ایک پرامن ہمسائیگی ہے، ہم اپنے خطہ میں پائیدار امن، سلامتی اور اقتصادی تعاون کیلئے سازگار ماحول چاہتے ہیں جو جنوبی ایشیاء کے تمام عوام کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے خطہ کے عوام کی فلاح اقتصادی ترقی و خوشحالی میں ہے اور اگر ہم اپنے مسائل حل نہ کر سکے اور ایک دوسرے سے تعاون نہ کر پائے تو یہ مقصد حاصل نہیں ہو سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے میں شامل رہا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کو ایک آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی تاہم اس وعدے کو ابھی تک پورا نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قیادت اور اثر و رسوخ کے منتظر ہیں، اس مسئلہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنے کیلئے ایک دیرینہ ذمہ داری پوری کرنی ہے۔