بحران شام کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے پر پاکستان کی تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i279052-بحران_شام_کو_مذاکرات_کے_ذریعے_حل_کئے_جانے_پر_پاکستان_کی_تاکید
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحران شام کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۳ Asia/Tehran
  • بحران شام کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے پر پاکستان کی تاکید

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحران شام کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اسلام آباد میں ارنا کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہو‏ئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ پاکستان، بحران شام کو شامی فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کئے جانے کا خواہاں ہے۔

انھوں نے شام کے علاقے خان شیخون میں کیمیائی ہتھاروں کا استعمال کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ اس سلسلے میں اپنی تحقیقاتی ٹیم روانہ کرے۔

پاکستان کے بعض اراکین پارلیمنٹ اور سفارتکاروں نے بھی تحقیقاتی ٹیم کو خان شیخون روانہ کئے جانے کی تجویز کو منطقی قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے اس تجویز پر عمل کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے شام کے علاقے خان شیخون پر حکومت شام کی جانب سے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے شام کے صوبے حمص میں الشعیرات ایربیس پر میزائلوں سے حملہ کر دیا جس میں متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔ امریکہ کی جانب سے یہ حملہ ایسی حالت میں کیا گیا کہ شامی حکومت نے بارہا اس الزام کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ شامی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے گئے ہیں۔