پاکستان: 12 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت فوج نے اسپلنجی اور مستونگ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کیں، مستونگ میں فائرنگ کے تبادلے میں 12 اہم دہشت گرد ہلاک جبکہ دو افسران سمیت 5 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بلوچستان کے علاقے کاہان سے 55 کلومیٹر دور سکھن نالہ دارانگو میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں جس سے 12 دہشت گرد ہلاک اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ برآمد کرلی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 2 روزہ آپریشن میں 2 افسران اور3 جوان بھی زخمی ہوئے جب کہ کارروائی میں زخمی ہونے والے افسروں اوراہلکاروں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ دہشت گرد غار میں پناہ لیے ہوئے تھے اور غار میں چھپ کر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ این این آئی کے مطابق کوہ ماران کے علاقے میں چینی جوڑے کی بازیابی کیلئے آپریشن کیا گیا، یہ علاقہ ایک شدت پسند دہشتگرد کالعدم تنظیم کا ہیڈ کوارٹر بتایا جاتا ہے، جہاں سے دہشت گرد ملک بھر میں اپنا نیٹ ورک چلارہے تھے۔