سینٹرل جیل کراچی میں داعش کے لئے دہشتگردوں کی بھرتی
پاکستان کے شہر کراچی کی سینٹرل جیل میں قید کالعدم تنظیم کے دہشتگرد، داعش کے لئے مجرموں کو بھرتی کر رہے ہیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ سے موصولہ خبروں کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں کالعدم تنظیم کے گرفتار دہشت گردوں کی جانب سے داعش کے لئے بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے اور اب تک کالعدم تنظیم کے تقریباً تیس ملزمان کو داعش میں بھرتی کیا جا چکا ہے۔
روزنامہ جنگ نے اپنی انٹرنٹ اشاعت پر رپورٹ دی ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے توسط سے جیل میں داعش دہشتگرد گروہ کے لئے بھرتیوں کا سلسلہ گذشتہ دو برسوں سے جاری ہے،اب تک کم سے کم تیس قیدیوں کو داعش میں بھرتی کیا جا چکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان قیدیوں میں بارہ قیدی ضمانت پر جیل سے رہا بھی ہوچکے ہیں اور اب وہ لاپتہ ہیں۔
پاکستان کے حساس ادارے کی جانب سے ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں تاہم انھیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
رپورٹ کے مطابق بھرتی ہونے والے قیدیوں میں سات کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔