سعودی خود ساختہ اتحاد پر جنرل اسلم بیگ کی شدید تنقید
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i304653-سعودی_خود_ساختہ_اتحاد_پر_جنرل_اسلم_بیگ_کی_شدید_تنقید
پاکستان کے سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کا خود ساختہ فوجی اتحاد، دہشت گردوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ اسلامی ملکوں کے درمیان نفاق پیدا کرنے کے لئے ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • سعودی خود ساختہ اتحاد پر جنرل اسلم بیگ کی شدید تنقید

پاکستان کے سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کا خود ساختہ فوجی اتحاد، دہشت گردوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ اسلامی ملکوں کے درمیان نفاق پیدا کرنے کے لئے ہے۔

پاکستان کے سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل مرزا اسلم بیگ نے ریڈیو تہران کی پشتو سروس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سرکردگی میں دہشت گردی کے خلاف، جو نام نہاد فوجی اتحاد تشکیل پایا ہے، اس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں ہے بلکہ آل سعود خاندان نے، جس کو اس وقت طرح طرح کے خطرات کا سامنا ہے، اپنی نجات کے لئے یہ اتحاد تشکیل دیا ہے-

جنرل اسلم بیگ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ نام نہاد اتحاد ایک ایسے وقت تشکیل پایا ہے جب سعودی عرب نے غریب ملک یمن کے ہزاروں بچوں خواتین اور بوڑھوں کو وحشیانہ بمباریوں میں شہید کیا ہے جبکہ دسیوں ہزار یمنی شہری، سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کی وجہ سے بے گھر بھی ہوئے ہیں-

ان کا کہنا تھا کہ در اصل سعودی عرب کی سرپرستی میں بننے والا یہ اتحاد اسرائیل اور امریکا کے دباؤ کے نتیجے میں تشکیل پایا ہے تاکہ مسلم ملکوں میں نفاق اور اختلاف پیدا کیا جائے-

جنرل اسلم بیگ نے کہا کہ اگر نام نہاد سعودی اتحاد حقیقت میں دہشت گردی کے خلاف تھا تو اس میں ایران، شام اور عراق کو بھی شامل کیا جانا چـاہئے تھا کیونکہ انہی تینوں ملکوں نے اصل میں داعش کو شکست دی ہے۔