پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی بات درست نہیں
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i304973-پاکستان_میں_دہشت_گردوں_کی_پناہ_گاہوں_کی_بات_درست_نہیں
پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی بات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کی کارروائیاں سرحد پار سے کی جا رہی ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۰۱, ۲۰۱۷ ۰۴:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی بات درست نہیں

پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی بات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کی کارروائیاں سرحد پار سے کی جا رہی ہیں۔

بلومبرگ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرحدوں میں تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے جن میں طالبان سے وابستہ حقانی گروپ بھی شامل ہیں جبکہ ہمارے لیے افغانستان سے دراندازی سب سے بڑا مسئلہ ہے، ملک میں تمام تر حملوں کی منصوبہ بندی سرحد پار کی جاتی ہے اور ہم وہاں دہشت گردوں کی آماجگاہوں کی نشاندہی بھی کرچکے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی انتظامیہ سے واضح طور پر کہا ہے کہ ہمیں جو بھی انٹیلی جنس معلومات فراہم کی جائیں گی ان پر فوری ایکشن لیا جائے گا کیوں کہ یہ ان کی نہیں بلکہ ہماری جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے افغان حکومت کی مدد اور فوج میں اضافہ افغان جنگ میں ناکامی کو دور کرسکتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے افغان حکومت پر طالبان سے مذاکرات بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ پاکستان افغان حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے لیکن معاملات بہت پیچیدہ ہیں جبکہ پاکستان نے اس ضمن میں دو مرتبہ مذاکرات کی کوشش بھی کی لیکن اسے سبوتاژ کردیا گیا۔