پاکستانی سرزمین دہشت گردی کے لئے نہیں
پاکستان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور دہشتگردوں کا مقابلہ کیا جائےگا۔
پاکستان کےوزیر داخلہ احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حقانی نیٹ ورک سمیت کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرزمین استعمال کرنے نہیں دیں گے۔
پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا پاک افغان امن میں اپنا کردارادا کرے، دونوں ممالک میں امن کے لیے ضروری ہے کہ 30 لاکھ افغان مہاجرین کی واپسی یقینی بنائی جائے، اگر افغان مہاجرین میں کوئی ناپسندیدہ عناصرشامل ہوگئے تو اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں سینیٹ اور عام انتخابات وقت پر ہوں گے اس بار ہارس ٹریڈنگ کی گئی تو جمہوریت کو بہت نقصان ہوگا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میٹرو کو جنگلہ بس کہنے والے کو پشاور میں میٹرو بس کا خیال آگیا۔