امریکا سے تعلقات برابری کی سطح پر
امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا سے برابری اور احترام کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔
امریکی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے اور اس طرح کے تعلقات جس میں باہمی احترام کو مد نظر رکھا جائے۔ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں اور افغانستان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں بدامنی سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے اور افغانستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات میں شامل ہونا ہوگا۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ طالبان کو بھی یہ ہی پیغام ہے کہ مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، شدت پسندی اور دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے، دہشت گرد پاکستان سے فرار ہو رہے ہیں جبکہ افغانستان میں گورنس کا مسئلہ ہے اور ساتھ ہی کرپشن اور منشیات کی بھر مار ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے خلاف بیان سامنے آنے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہو گئے۔