پاکستان میں 'امریکہ مردہ باد' ریلی
آل پاکستان انجمن تاجران کے زیراہتمام چونگی نمبر 14 پر امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی، اس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔
مظلوم فلسطینوں اورکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں بے گناہ اور نہتے افرادکے قتل عام پر اب امت مسلمہ کو جاگ جانا چاہیئے کہ صیہونی قوتیں کس طرح مسلمانوں پر ظلم و ستم کر رہی ہیں، لیکن نہ تو اقوام متحدہ نوٹس لے رہی ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں آواز بلند کر رہی ہیں، او آئی سی کو بھی اب فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل گٹھ جوڑ امت مسلمہ کا امن تباہ کر رہے ہیں، انہوں نے ملت اسلامیہ پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر امریکہ اور ان کے حواریوں سے مسلمانوں کا قتل عام روکیں، پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔