کابل میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت
پاکستان نے کابل میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کابل میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔
اجلاس میں ملک کی اندورنی اور بیرونی سیکیورٹی، سرحدوں کی سلامتی اور داخلی امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں فائرنگ کے واقعات کی مذمت اور ان میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا ۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل ، چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، ڈی جی آئی ایس آئی اور مشیر قومی سلامتی نے شرکت کی۔