اعتزاز احسن پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوار
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i334042-اعتزاز_احسن_پی_ٹی_آئی_اور_پیپلزپارٹی_کے_مشترکہ_امیدوار
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کا نام تحریک انصاف نے دیا اور اب پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۳۰, ۲۰۱۸ ۰۳:۳۱ Asia/Tehran
  • اعتزاز احسن پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوار

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کا نام تحریک انصاف نے دیا اور اب پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق خورشید شاہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مل کر صدارتی امیدوار لانے کے لیے کہا تھا، پی ٹی آئی کے فواد چودھری میرے پاس آئے اور کہا کہ مشترکہ صدارتی امیدوار لاتے ہیں، اس موقع پر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف بھی موجود تھے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ جب انہوں نے فواد چودھری سے صدارتی امیدوار کا نام مانگا تو انہوں نے اعتزاز احسن کا نام تجویز کیا جس پر میں نے ہامی بھر لی  تاہم اعتزاز احسن کا نام خود پیش کرنے کے بعد اب پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا اور عارف علوی کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔

دوسری جانب فواد چودھری کا  کہنا تھا کہ وہ خورشید شاہ کے بیان پر حیران ہیں،  تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کی صدارتی انتخاب میں کامیابی واضح ہے جبکہ اعتزاز احسن سے درخواست ہے کہ وہ صدارتی انتخابات کی دوڑ سے اپنا نام واپس لے لیں۔

واضح رہے کہ  صدارتی انتخاب کے لیے  اعتزاز احسن، مولانا فضل الرحمان اور عارف علوی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی، صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت 8 ستمبر کو پوری ہو رہی ہے۔