وقت کم مقابلہ سخت، پاکستان کا 13واں صدر کون؟
پاکستان کا 13واں صدر عارف علوی ،اعتزاز احسن یا فضل الرحمٰن میں سے کون بنے گا۔ فیصلے کی گھڑی قریب آنے لگی اور اب صرف چند گھنٹوں کا انتظار باقی رہ گیا۔
وقت کم اور مقابلہ سخت کا مرحلہ آن پہنچا ہے ،حکومتی امیدوار عارف علوی جیت کےلئے پر امید ہیں لیکن اپوزیشن کے امیدوار اعتزاز احسن اور فضل الرحمٰن میں سے کون کس کے حق میں دست بردار ہوگا ،یہ فیصلہ اب تک نہ ہوسکا۔
اس حوالے سے سابق صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان کل شام زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں ایم ایم اے سربراہ پی پی قیادت کو آخری بار منانے کی کوشش میں بھی ناکام رہے۔
اپوزیشن کی تقسیم سے تحریک انصاف کے عارف علوی کو اپنی جیت کا پورا یقین ہے۔
مولانا فضل الرحمن کی آصف زرداری کو منانے کی آخری کوشش کی ناکامی کے بعد کہا جا رہا ہے کہ صدارت کا سہرا عارف علوی کے سر سج چکا ہے باقی دونوں دولہے بلاوجہ اچھل کود کررہے ہیں، اگر کوئی لچک دکھائی گئی تو وہ آصف زرداری کی طرف سے دکھائی جائے گی، آصف زرداری کو فتح کا یقین ہوتا تو اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نہ بناتے، اسی طرح مولانا فضل الرحمن کو جیتنے کا امکان نظر آرہا ہوتا تو انہیں کبھی امیدوار نہیں بناتے بلکہ مسلم لیگ ن سے ہی امیدوار سامنے آتا۔