پاکستان کی آذربائیجان کو جے ایف-17 طیاروں کی فروخت
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان عسکری معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان آذربائیجان کو جے ایف-17، بلاک تھری لڑاکا طیارے فروخت کرے گا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے آذربائیجان کی فضائی طاقت کو بڑھانے کے لیے جے ایف-17، بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف کو حالیہ دورہ پاکستان کے دوران جے ایف-17، بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی جنگی صلاحیتوں اور دیگر مقاصد کے لیے اس کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ جے ایف-17 تھنڈر بلاک-تھری ایک اے ای ایس اے ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر سے لیس 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو عصری فضائی طاقت فراہم کرتے ہوئے جنگی مشن سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آذربائیجان کے بیڑے میں اس کی شمولیت سے ان کی قومی سلامتی کو مضبوطی میں مدد ملے گی۔
آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ یہ حمایت دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ عسکری تعاون کو مضبوط، دفاعی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔