ہندوستان کی 5 ریاستوں میں انتخابات 4 فروری سے
تحریر: م۔ ہاشم
ہندوستان کے انتخابی کمیشن نے بالآخر ملک کی 5 ریاستوں اترپردیش، پنجاب، اترا کھنڈ، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔
انتخابی کمیشن کے اعلان کے مطابق پانچوں مذکورہ ریاستوں میں 4 فروری سے 8 مارچ تک انتخابات ہوں گے اور 11 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائےگا۔ پانچوں ریاستوں میں اترپردیش اور اس کے بعد پنجاب کے انتخابات کو اہمیت حاصل ہے لیکن خاص طور سے اترپردیش کے انتخابات سب سے زیادہ اہم ہیں۔ اترپردیش، آبادی کے لحاظ سے، ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست ہے اور یہیں سے پارلیمنٹ کے سب سے زیادہ اراکین منتخب ہوتے ہیں نیز سب سے بڑی اسمبلی بھی (403 اراکین) اترپردیش کی ہی ہے۔ بڑی ریاست ہونے کی وجہ سے اترپردیش میں 11 فروری سے 8 مارچ تک 7 مراحل میں ووٹ ڈالے جائيں گے۔ تمام سیاسی جماعتیں اترپردیش کو ہی سب سے زیادہ اہمیت دے رہی ہیں بلکہ پورے ہندوستان کی نگاہیں اترپردیش پر مرکوز ہیں۔ اترپردیش کی آبادی 20 کروڑ ہے اور ریاست میں مسلم رائے دہندگان کی تعداد 18- 19 فی صد ہے۔ کہا جاتا ہے کہ دہلی کے اقتدار کا راستہ بھی اترپردیش سے ہی ہوکر گزرتا ہے۔
اتر پردیش اسمبلی کی 403 نشستوں کے لئے، پنجاب اسمبلی کی 117، اتراکھنڈ کی 70، منی پور کی 60 اور گوا اسمبلی کی 40 نشستوں کے لئے انتخابات ہوں گے۔ منی پور میں دو مراحل میں اور اتراکھنڈ، پنجاب اور گوا میں ایک ایک مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔ مذکورہ بالا پانچ ریاستوں میں رائے دہندگان کی تعداد 16 کروڑ سے زیادہ ہے۔ 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کو اتنی اہمیت حاصل ہے کہ ان انتخابات کو آئندہ عام انتخابات کا سیمی فائنل اور مودی حکومت کے لئے نوٹ بندی کا منی ریفرینڈم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔