ہوشیار، کورونا سے سننے کی حس بھی متاثر ہو سکتی ہے
نئی طبی تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ کورونا وائرس سے سننے کی صلاحیت سے بھی انسان محروم ہو سکتا ہے۔
اس سے پہلے کی تحقیقات میں یہ بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس سے آنکھ سمیت جسم کے متعدد اعضا متاثر ہوتے ہیں لیکن اب پہلی بار انکشاف ہوا ہے کہ اس سے سننے کی حس سے محرومی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
طبی جریدے بی ایم جے کیس رپورٹس میں شائع تحقیق میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک 45 سالہ شخص کے بارے میں بتایا گیا کہ جو کوویڈ- 19 کا شکار ہونے کے بعد سننے کی حس سے محروم ہوگیا۔
اس شخص کو کوویڈ- 19 سے پہلے دمہ کا سامنا تھا اور اسے اچانک سننے کی محرومی کا سامنا ہوا اور 3 دن کے اندر اندرونی کان کو نقصان پہنچا۔
تحقیق میں شامل ڈاکٹروں کے مطابق اب تک دنیا بھر میں کوویڈ- 19 کے نتیجے میں سننے کی حس سے ہمیشہ کی محرومی کے صرف 5 کیسز سامنے آئے ہیں اور برطانیہ میں یہ پہلا کیس تھا۔
اس 45 سالہ شخص کو پہلے کوویڈ- 19 کی علامات 10 دن تک موجود رہی تھیں جن میں سانس لینے میں مشکل بھی شامل تھی۔
محققین کے مطابق یہ مریض 30 دن تک وینٹی لیٹر پر رہا اور اس دوران جسم میں نمونیا، پھیپھڑوں میں بلڈ کلاٹس، فشار خون اور خون کی کمی جیسے مسائل بھی پیدا ہوئے۔
مگر وینٹی لیٹر سے نکالے جانے کے ایک ہفتے بعد مریض کو محسوس ہوا کہ وہ اپنے دونوں کانوں سے بیشتر آوازیں سن نہیں پاتا، جس کا تجربہ اسے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔
خیال رہے کہ ویسے تو وبا کے آغاز سے ہی نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کوویڈ- 19 کو نظام تنفس کا مرض قرار دیا جارہا ہے مگر یہ جس کے مختلف اعضا پر بھی اثرات مرتب کرتا ہے۔