کورونا سے حاملہ خواتین میں پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے
https://urdu.sahartv.ir/news/society_culture-i375486-کورونا_سے_حاملہ_خواتین_میں_پیچیدگیوں_کا_خطرہ_بڑھ_جاتا_ہے
امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کوویڈ- 19 کی شکار حاملہ خواتین میں سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۰۶, ۲۰۲۰ ۰۳:۰۰ Asia/Tehran
  • کورونا سے حاملہ خواتین میں پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کوویڈ- 19 کی شکار حاملہ خواتین میں سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں ہزاروں حاملہ خواتین کا جائزہ لیا گیا، جن میں کوویڈ- 19 کی علامات دریافت ہوئی تھیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ حاملہ خواتین کو آئی سی یو اور وینٹی لیٹر کی ضرورت ایسی خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، جو حاملہ نہیں مگر کوویڈ- 19 کا شکار ہوتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق حاملہ خواتین میں کوویڈ کے نتیجے میں موت کا خطرہ دیگر خواتین کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کی اس تحقیق میں کورونا وائرس کی شکار 4 لاکھ 9 ہزار سے زیادہ خواتین کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا، جن میں 23 ہزار سے زائد حاملہ تھیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ حاملہ خواتین کو کوویڈ- 19 کے نتیجے میں سنگین حد تک بیمار ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، اس سے پہلے ہم کہتے تھے کہ یہ ممکنہ خطرہ ہے۔

تاہم انہوں نے زور دیا کہ مجموعی طور پر پیچیدگیوں اور موت کا مجموعی خطرہ کم ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ 15 سے 44 سال کی خواتین میں سنگین بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے، مگر حمل سے اس میں کچھ اضافہ ہوجاتا ہے۔

اس سے قبل ایک تحقیق میں کوویڈ کی شکار حاملہ خواتین میں موت کا زیادہ خطرہ دریافت نہیں کیا گیا تھا، مگر اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ ان میں دیگر خواتین کے مقابلے میں اس وبائی مرض سے موت کا خطرہ 1.7 گنا زیادہ ہوتا ہے۔