3 آسان طریقوں سے آپ کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں
https://urdu.sahartv.ir/news/society_culture-i377705-3_آسان_طریقوں_سے_آپ_کورونا_سے_محفوظ_رہ_سکتے_ہیں
برطانیہ میں تین آسان طریقے دریافت کئے گئے ہیں جن سے آپ کوویڈ-19 کے پھیلاؤ کے خطرے کم کر سکتے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۳:۴۹ Asia/Tehran
  • 3 آسان طریقوں سے آپ کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں

برطانیہ میں تین آسان طریقے دریافت کئے گئے ہیں جن سے آپ کوویڈ-19 کے پھیلاؤ کے خطرے کم کر سکتے ہیں۔

محققین ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں لگا سکے ہیں کہ کھلی فضا میں نیا کورونا وائرس ہوا سے پھیلتا ہے یا نہیں مگر بند ماحول میں یہ ضرور ہوا سے پھیل سکتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ چند سادہ اقدامات سے کوویڈ- 19 کی وبا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے اور اس کے لیے کوئی خاص خرچہ کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

گھر سے باہر لوگوں سے ملاقات میں ہمیشہ ماسک پہنے رکھیں

تحقیق میں یہ دریافت کیا گیا ہے کہ فیس ماسک کا استعمال اس وبا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی لاسکتا ہے۔

یہ ایک سادہ مگر انتہائی موثر حفاظتی تدبیر ہے، جو معمولات زندگی کو اس موسم سرما کے دوران کسی حد تک معمول پر رکھ سکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گھر سے باہر جتنا زیادہ جائیں گے، اس بیماری کا خطرہ اتنا زیادہ ہوگا اسی لئے اضافی تحفظ کے لیے فیس ماسک کو پہننا بہتر ہے۔

ہاتھوں کو صابن سے دھوتے رہیں اور سینی ٹائزر کا استعمال کریں

اگر آپ حالیہ مہینوں میں اکثر ہاتھوں کو صابن سے دھونے اور یہ سہولت نہ ہونے پر سینی ٹائرز کا استعمال کرتے رہے ہیں، تو یہ مشق کو موسم سرما میں بھی جاری رکھیں، جو نہ صرف آپ بلکہ دیگر افراد کے لیے بھی مفید ہوگی۔

یاد رکھیں ہاتھوں کو کم از کم 20 سیکنڈ تک دھونے کی ضرورت ہوتی ہے، ممکن ہو تو نیم گرم پانی اور صابن کا استعمال کریں۔

سماجی دوری کی مشق ہر جگہ ضروری ہے

سماجی دوری کورونا سے تحفظ کے لیے اہم ترین احتیاطی تدابیر میں سے ایک ہے جو نہ صرف آپ بلکہ دیگر افراد کو بھی اس جان لیوا بیماری سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ صرف گھر سے باہر عوامی مقامات پر اس پر عمل کرنا چاہیے تو آپ کو اب دوستوں یا خاندان کے لوگوں سے ملاقاتوں کے دوران بھی اس کی مشق پر غور کرنا چاہیے۔

اگر ممکن ہو تو ایسے مقامات پر جانے سے گریز کریں جہاں سماجی دوری پر عمل کرنا ممکن نہ ہو۔