Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۰۷:۱۰ Asia/Tehran
  • کیوبا میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح

کیوبا میں امریکی سفارت خانہ نصف صدی سے زیادہ عرصے کے بعد ایک بار پھر کھولا جا رہا ہے-

اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری جمعے کو کیوبا کے دارالحکومت ہوانا جا رہے ہیں اور اسی دوران ہوانا میں امریکی سفارت خانہ ایک بار پھر کھولا جائے گا- اطلاعات کے مطابق ہوانا میں امریکی سفارت خانے کے افتتاح کی تقریب میں کیوبا کی حکومت کے مخالفین کو دعوت نہیں دی گئی ہے- ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ جان کیری اپنے کیوبا کے دورے میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں سے خفیہ ملاقات بھی کریں گے- کیوبا نے حکومت کے مقامی مخالفین کو، کہ جو ہر دفعہ ہوانا میں امریکی سیاست دانوں سے ان کے دورے کے موقع پر ملاقات کرتے ہیں، غدار اور امریکا کا ایجنٹ قرار دیا ہے- قابل ذکر ہے کہ امریکا اور کیوبا کے درمیان تعلقات منقطع ہونے کے چون سال بعد ایک بار پھر سیاسی تعلقات قائم ہو رہے ہیں-