جاپان میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں
Sep ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاپانی وزیراعظم کے سیکورٹی بلوں کی مخالفت میں ہونے والے مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔
جاپان کے این ایچ کے ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو میں بدھ کے روزبھی ہزاروں افراد نے بارش کا موسم ہونے کے باوجود مظاہرہ کیا -اس مظاہرے میں اپنے بچوں کے ساتھ بہت سی عورتوں نے بھی شرکت کی - مظاہرین نے جاپان کی اپوزیشن پارٹیوں سے مطالبہ کیا کہ موجودہ حساس حالات کے پیش نظر وزیراعظم شینزو آبے کے سیکورٹی بلوں کی منظوری روکنے کی کوشش تیز کردیں -
منگل کے روز بھی ٹوکیو کے علاقے شنجوکو میں ہزاروں افراد نے اسی طرح کا مظاہرہ کیا تھا- جاپان کے وزیراعظم اوراس ملک کی حکمراں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ شینزو آبے نے ملکی پارلیمنٹ میں ایک بل پاس کرایا ہے-
یہ بل سینیٹ میں پاس ہونے کی صورت میں جاپان کی سیکورٹی فورسز کی ملک سے باہر تعیناتی اورامریکا سمیت دیگر اتحادیوں کی لشکرکشی میں شامل ہونے کا امکان فراہم ہوجائے گا-
جاپان کی سینیٹ نے حکومت کے سیکورٹی بل کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے-