جاپان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں سیلاب، ہزاروں افراد بے گھر
Sep ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
جاپان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں سیلاب نے ہزاروں افراد کو بے گھر گردیاہے
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ دو دنوں کے دوران جاپان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں کے سبب جوسو اور اوساکی میں تباہ کن سیلاب نے ہزاروں افراد کو بے گھر کردیا ہے-جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبہ نے اس صورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں کے جاری رہنے کی صورت میں ان علاقوں کے حالات مزید ابتر ہوجانے کا خدشہ ہے- انہوں نے کہاکہ عوام کو سلامتی فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں ہے اور حکومت نا خوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی-
اس وقت بھی ہیلی کاپٹرز سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے اور ان کو محفوظ مقام پر منقل کرنے میں مصروف ہیں- جاپانی حکام نے دیگر اسّی ہزار افراد سے کہا ہے کہ وہ سیلاب میں پھنسنے سے پہلے اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقام پر چلے جائیں- کوہستانی علاقوں میں بسنے والوں کو شدید طوفانی بارشوں کے علاوہ زمین کھسکنے کا بھی خطرہ لاحق ہے-
شدید طوفانی بارشوں اور دریا کے بند ٹوٹ جانے کے سبب بہت سے گھر اور گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئی ہیں اور تقریبا ایک لاکھ افراد بے گھرہوچکے ہیں۔ ابھی تک کم از کم بائیس افراد سیلاب کے باعث لاپتہ ہوچکے ہیں اور کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے ہیں-