صوبہ خوست میں ہونے والے بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار ہلاک
افغانستان کے صوبہ خوست میں ہونے والے بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز صبح صوبہ خوست کے علاقے لاکان میں پولیس کی گاڑی کے راستے میں ایک بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے۔ صوبہ خوست افغانستان کے بد امنی والے جنوب مشرقی صوبوں میں شمار ہوتا ہے جہاں متعدد دھماکے اور حملے ہو چکے ہیں۔
ادھر دارالحکومت کابل کے مغرب میں بھی ہفتے کے روز ایک بم دھماکا ہوا ہے جس میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے نیز پولیس نے بھی کسی کی نشاندہی یا گرفتاری نہیں کی ہے۔ جمعرات کو بھی کابل میں دو بم دھماکے ہوئے تھے جن کے نتیجے میں آٹھ افراد مارے گئے تھے۔
دریں اثنا طالبان نے افغانستان کے جنوبی شہر خاص اروزگان کی مقامی انتظامیہ کے سابق سربراہ کو قتل کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ اروزگان کی سیکورٹی کمان کے ترجمان نور آغا کامران نے بتایا کہ طالبان نے جمعہ کی رات کو خاص اروزگان کی مقامی انتظامیہ کے سابق سربراہ "جمعہ خان" کو کابل حکومت کے ساتھ تعاون کے الزام میں قتل کردیا۔ فابل ذکر ہے کہ طالبان گروہ اب تک سیکڑوں افغان شخصیات، عہدیداروں اور عام شہریوں کو حکومت کے ساتھ تعاون کے الزام میں قتل کرچکا ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق جنوبی صوبے اروزگان میں بارودی سرنگ کا ایک دھماکا ہوا ہے جس میں دو فوجی مارے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ اروزگان کے شہر چہار چینو میں افغان فوجیوں کی گاڑی کے راستے میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو فوجی مارے گئے اور پانچ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے اس لئے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔