چین: بیجنگ میں فضائی آلودگی کے انتہائی خطرے کا انتباہ جاری
-
چین: بیجنگ میں فضائی آلودگی کے انتہائی خطرے کا انتباہ جاری
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں فضائی آلودگی کے باعث جمعہ کو آلودگی کے انتہائی خطرے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
اس انتباہ کے بعد اسکول اور بعض کارخانے بند کر دیے گئے ہیں جب کہ نصف کے لگ بھگ نجی گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے سے روک دیا گیا ہے۔
کھلی فضا میں ہونے والی تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی بیجنگ میں پہلی بار ایسا ہی انتباہ جاری کیا گیا تھا۔
ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ دھند کے یہ بادل زیادہ تر شمالی چین پر ہفتہ سے منگل تک چھائے رہیں گے اور اس دوران فضا میں آلودگی کی شرح میں قابل قبول حد سے بیس گنا اضافہ ہو جائے گا۔
بیجنگ کی بلدیہ کی ویب سائٹ کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں منگل تک حد نگاہ پانچ سو میٹر سے بھی کم ہو جائے گی۔
چین دنیا میں سب سے زیادہ مضر صحت گیسوں کے اخراج کرنے والے ملکوں میں شامل ہے اور یہاں روایتی طور پر کوئلے سے توانائی حاصل کی جاتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چین نے پیرس میں حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کی کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آلودگی پھیلانے والی گیسوں کے اخراج میں کمی کا عزم ظاہر کیا ہے۔