ترکی کے خلاف روس کی پابندی
روس کی حکومت نے اپنے ملک کی سرکاری اور پرائیویٹ کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ، ترک شہریوں کو ملازمت پر رکھنے سے گریز کریں۔
روسی ذرائع کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ترکی کی جانب سے روسی جنگی طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے کے بعد روس کے وزیراعظم میدویدیف نے ترکی کے خلاف اقتصادی پابندیوں سے متعلق ایک قانون پر دستخط کئے ہیں جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات کافی کشیدہ ہو گئے ہیں۔ اس قانون پر جمعہ یکم جنوری سے عمل کیا جا رہا ہے۔ اس قانون کے مطابق روس کی ترپن تنظیموں اور کمپنیوں کو باخبر کردیا گیا ہے کہ وہ، روس میں مقیم ترک شہریوں کو کام پر رکھنے کا حق نہیں رکھتیں۔
اس سے قبل روس نے ترکی سے غذائی اشیاء کی درآمدات بھی منقطع کردی تھی۔
واضح رہے کہ ترکی نے گذشتہ چوبیس نومبر کو شام کی فضا میں روس کے ایک جنگی طیارے کو مار گرایا تھا۔ ترکی کا کہنا ہے کہ روس کا یہ جنگی طیارہ اس کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا جبکہ روس، ترکی کے اس دعوے کی سختی سے تردید کرتا رہا ہے۔