امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات بدستور مستحکم ہیں: امریکی وزیر خارجہ جان کیری
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے باوجود امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات بدستور مستحکم ہیں.
امریکی وزیرخارجہ نے، جو ایک روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے، سعودی عرب سے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ ریاض کے ساتھ واشنگٹن کے رشتے ہمیشہ کی طرح مضبوط، مستحکم اور دوستی پر استوار ہیں اور وہ ہمارا ایک اتحادی ملک ہے -
جان کیری نے کہا کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا ہے اور ہم علاقے میں اپنے دوستوں اور اتحادیوں کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے -
واضح رہے کہ جان کیری ایک عرصے سے کوشش کررہے ہیں کہ وہ خلیج فارس میں اپنے اتحادیوں کی ایران سے متعلق تشویش دور کریں - امریکی وزیر خارجہ نے، جوخلیج فارس تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے ہفتے کو سعودی عرب گئے تھے، سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک بار پھر خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے لئے امریکا کی حمایت کا اعادہ کیا -ان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے ساتھ امریکا کے تعلقات مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہیں اور ضرورت پڑنے پر امریکا غیر ملکی حظرات کے مقابلے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہوگا -