فرانس دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا، اولینڈ
فرانس کے صدر نے کہا ہے کہ داعش کی دھمکیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرانس کے عزم و ارادے کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔
فرانس کے روزنامہ لوفیگارو نے اپنی ویب سائٹ پر خبر دی ہے کہ صدر اولینڈ نے داعش کے ذریعے نشرکی گئی ویڈیو کلیپ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کوئی بھی دھمکی فرانس کو مرعوب نہیں کرسکتی۔ فرانس کے صدر نے نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون میں اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب کے موقع پر کہا کہ اس قسم کی دھمکیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرانس کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات ایک ویڈیو کلیپ نشر کرکے برطانیہ اور فرانس میں حملوں کی دھمکی دی ہے۔ اس ویڈیو میں داعش کے نو دہشت گردوں کو دکھایا گیا ہے جن میں چار کا تعلق بیلجیئم سے، تین کا فرانس اور دو کا عراق سے ہے۔ اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ انہی لوگوں نے گذشتہ تیرہ نومبر کو پیرس میں حملے کئے تھے۔ تیرہ نومبر کے حملوں میں ایک سو تیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔