پاکستان میں کون رہے گا اور کون نہیں، فیصلہ ہمارا ہوگا: دفتر خارجہ کی وضاحت
غیر قانونی افراد کی واپسی ناگزیر، افغانستان سے دہشت گردی کے خلاف عملی تعاون درکار، ترجمان دفتر خارجہ
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں غیر دستاویزی افراد کو واپس بھیجا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا: "یہ پاکستان کا علاقہ ہے، اور ہم ہی فیصلہ کریں گے کہ یہاں کون رہے گا اور کون نہیں۔" انہوں نے امید ظاہر کی کہ جرمنی اپنے وعدے کے مطابق افغان شہریوں کو قبول کرے گا۔
افغانستان میں حملوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے کابل حکومت کو مزید تعاون کرنا ہوگا۔ شفقت علی خان نے کہا کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں، خاص طور پر افغانستان میں، دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگین رکاوٹ بن چکی ہیں۔
انہوں نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔