صیہونی حکومت پر بان کی مون کی تنقید
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i209560-صیہونی_حکومت_پر_بان_کی_مون_کی_تنقید
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بار پھر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۲:۱۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت پر بان کی مون کی تنقید

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بار پھر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

نیویارک ٹائمز کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ تاریخ سے ثابت ہوتا ہے کہ قبضے کے خلاف لوگ ہمیشہ مزاحمت کرتے ہیں۔ بان کی مون نے ایک سوپچاس صیہونی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے اور مغربی کنارے کی تین سو ستر ہیکٹر زمین ہتھیانے کے اسرائیلی اقدام کی بھی مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے لکھا ہے کہ ، اسرائیلی بستیوں کی توسیع کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مغربی کنارے کے ہزاروں فلسطینی گھروں کے انہدام کا خطرہ لاحق ہے۔ ان کہنا تھا کہ پچاس برس سے جاری قبضے کے خلاف فلسطینیوں کی ناراضگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نےسرزمین فلسطین میں جاری کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کشیدگی کے سبب دو ریاستوں کی تشکیل کا معاملہ کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔ صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نتن یاھو نے بان کی مون کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگایا ہے۔ نتن یا ھو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ برسوں پہلے ہی غیر جانبداری کے اصول کو خیر باد کہہ چکی ہے۔

اقوام متحدہ ، امریکہ ، یورپی یونین اور دنیا کے بیشر ملکوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔