جاپان: دسیوں ہزار جاپانی شہریوں کا مظاہرہ
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں دسیوں ہزار جاپانی شہریوں نے امریکا مخالف مظاہرہ کیا ہے۔
ٹوکیو میں پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر ہزاروں جاپانی شہریوں نے مظاہرہ کرکے اپنے ملک میں امریکی فوجی اڈے کی مخالفت کا اعلان کیا - جاپانی شہریوں نے انسانی زنجیر بنائی اور قطار میں کھڑے ہوکر جزیرہ اوکیناوا میں امریکا کے نئے فوجی اڈے کے منصوبے کی شدید مخالفت کی - ٹوکیو سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ تقریبا اٹھائیس ہزار جاپانی شہریوں نے پارلیمنٹ کی عمارت کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور اپنے ملک میں نئے فوجی اڈے کے منصوبے کی شدید مخالفت کا اعلان کیا - مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ اوکیناوا میں مزید فوجی اڈے نہیں چاہئیں اور اوکیناوا کے باشندوں کی مرضی کا احترام کیا جائے - واضح رہے کہ جزیرہ اوکیناوا میں امریکا کا بہت بڑا فوجی اڈہ ہے -اس فوجی اڈے کے خلاف بھی جاپان میں اکثر و بیشتر مظاہرے ہوتےرہتے ہیں۔ جاپانی شہریوں خاص طور پر جزیرہ اوکیناوا کے باشندوں کا کہناہے کہ امریکی فوجیوں کی موجودگی کی وجہ سے جاپانی ثقافت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں -